مسیحی ​برادری کے وفد کی کمشنر علی بہادر قاضی سے ان کے دفتر میں ملاقات

citytv.pk

 

ساہیوال (ارشد سردار چودھری ) مسیحی برادری کے ایک وفد نے کمشنر علی بہادر قاضی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں فادر زاہد اگسٹین پیرس پریسٹ رومن کیتھولک چرچ، پادری نوید کاشف، شماس نزیل، ولسن رضا، پاسٹر امجد مشتاق، معظم پال اور بابوار شاد شامل تھے۔

پاکستا ن تحریک انصاف کے رہنما شہزاد ناصر صدیقی اور جہانزیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی تقریبات شروع ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار اتحاد، محبت اور پیار کے رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ تمام مذہبی اقلیتوں کو آئین کے تحت مکمل آزادی، تحفظ اور مساوی حقوق کے ساتھ ساتھ اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح نے بھی تمام اقلیتوں کے لیے مساوی حقوق پر زور دیا اور موجودہ حالات کے پس منظر میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار بہت اہم رہا ہے چاہے وہ تعلیم کا شعبہ ہو یا صحت کا انہوں نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے امید ظاہر کی کہ پہلے کی طرح اس سال بھی مسیحی بھائیوں کو کرسمس کے موقع پر ایڈوانس تنخواہ ادا کر دی جائے گی۔وفد کی طرف سے کمشنر کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں