عثمان بزدار قدوس بز نجو کی ملاقات: علیم خاں نے وزارت سے استعفی پیش کر دیا

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار نے کوئٹہ میں وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی وزراء اور ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر  پنجاب کی یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کے لئے مختص نشستوں کی تعداد دگنا کرنے کااعلان کیا، وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے بلوچستان کے ہر شعبہ میں معاونت جاری رکھے گا۔ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ پنجاب اور بلوچستان کی سرحد پر چیکنگ کے نظام کو آسان اور سہل بنائیں گے۔ علاوہ ازیں  حکومت پنجاب بارکھان کے علاقے رکنی میں سول ہسپتال تعمیر کرے گی، رکنی میں  ہسپتال کی تعمیر کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔میر عبدالقدوس بزنجو تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بلوچستان کے علاقے رکنی میں ہسپتال تعمیر کرے گی اور ہسپتال کیلئے ضروری آلات اور مشینری فراہم کرے گی۔ ترقی کے سفر میں ملکر آگے بڑھیں گے۔ عثمان بزدار اور میر عبدالقدوس بزنجو کے درمیان کوئٹہ میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین بین الصوبائی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ ادارہ گائوں میں سیوریج او رصفائی کیلئے خدمات سرانجام دے گا اور ادارے کا خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے گا۔  عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 50 دیہات کو ماڈل ویلیج بنانے کے پروگرام پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کے علیحدہ ادارے کے قیام سے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔ دیہات میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ فلاح عامہ کے دیگر پراجیکٹس بھی مکمل ہوں گے۔ عثمان بزدار نے کولمبیا کے باکسر کو شکست دینے پر پاکستانی باکسر محمد وسیم کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی۔ عبدالعلیم خان نے ذاتی مصروفیات کی بنا پر سینئر وزیر اور وزیر خوراک کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔ عبدالعلیم خان نے سینئر وزیر اور وزیر خوراک کے عہدے سے استعفیٰ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں