یہ ابھی شروعات ہے‘ مریم نواز کا عمران‘ پرویز خٹک تلخی پر ردعمل 

لاہور (نیٹ نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کوئی بھی طریقہ آزمانا پڑے تو آزمانا چاہیے۔ بلال یاسین کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری کا واقعہ پوری دنیا کے سامنے ہے، وہاں لوگ برف سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے مرے ہیں۔ شدید سردی میں خاندانوں کے خاندان مرتے رہے اور یہ بنی گالہ اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہیٹر جلا کر سوتے رہے، وہاں لوگ 36 گھنٹوں تک مدد کے لئے پکارتے رہے لیکن کوئی ان کی مدد کو نہیں آیا۔ عوام کو سب پتہ ہے کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اب سیاسی جماعتوں کا ہی نہیں بلکہ عوام کا بیانیہ بن گیا ہے، اب تو سیاسی جماعتوں کو عوام کے کہنے پر چلنا ہوگا۔ اس حکومت کی نااہلی نالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے۔ عوام عذاب میں مبتلا ہیں، پہلے مجھے لگتا تھا کہ اس حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے، لیکن اب کہتی ہوں کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے کوئی بھی طریقہ آزمانا پڑے تو آزمانا چاہیے۔ بلال یاسین کے ساتھ میں نے اپنے والد اور والدہ دونوں کی انتخابی مہم کے دوران کام کیا ہے۔ انہوں نے نواز شریف کا ساتھ وفاداری سے نبھا کر بہت سے لوگوں کے لئے مثال قائم کی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں