کراچی(سٹی ٹی وی پاکستان ) موجودہ حالات رجوع الیٰ اللہ اور توبہ و استغفار کے متقاضی ہیں۔بحیثیت قوم انفرادی و اجتماعی سطح پر معاشرے کو اللہ کے بتائے ہوئے ضابطہ حیات کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔یہ بات جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ناظمات صوبہ و نگراں مرکزی شعبہ جات کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہی۔
دردانہ صدیقی نے موجودہ بجٹ 2020 کو سودی معیشت کے ساتھ پیش کئے جانے کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی وباء نے پاکستانی عوام کو بھی معاشی و سماجی آزمائش سے دوچار کیا ہے جس میں حکومت کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
دردانہ صدیقی نے رمضان المبارک میں حلقہ خواتین اور برادر تنظیموں کے باہمی تعاون سے کی جانے والی کوششیں عوام کی خدمت، طبی سہولیات، سفید پوش طبقہ کو راشن پہنچانا،آن لائن دروس اور دورہ قران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے معاشرے میں ان کوششوں کو بہترین نتائج کے حصول کا ذریعہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔