سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 119 امدادی طیارے پاکستان پہنچ چکے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے 15 ممالک، 3 عالمی تنظیموں سے 119 امدادی طیارے پہنچ چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ 41 امدادی طیارے راولپنڈی، کراچی، لاہور بھیجے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 21 امدادی طیارے سکھر، کراچی اور راولپنڈی بھیجے، ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 13 طیارے امداد کراچی اور راولپنڈی بھیجے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور قطر سے 4،4 امدادی طیارے پاکستان آئے جبکہ عمان سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد لے کر 6 طیارے پاکستان پہنچے۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ سعودی عرب سے متاثرین سیلاب کے لیے 3 امدادی طیارے پاکستان پہنچے؛ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، اردن، سے امداد لے کر ایک ایک طیارہ نور پاکستان پہنچا۔

Advertisement

ترجمان نے کہا کہ نیپال، برطانیہ، روس اور یونان سے بھی ایک ایک امدادی طیارہ پاکستان پہنچا جبکہ یونیسف نے 3، اقوام متحدہ ادارہ مہاجرین نے 13، عالمی ادارہ خوراک نے 3 امدادی طیارے بھیجے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ، تاجکستان، عمان نے زمینی اور بحری راستے سے بھی امداد پاکستان بھیجی ہے، ترکیہ سے ہلال احمر نے امدادی سامان کے 2 ٹرک، 2 ٹرینیں پاکستان بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجکستان نے 87 ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلہ پاکستان بھیجا، عمان سے حال ہی میں ایک بحری جہاز امدادی سامان لے کر کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔

Advertisement

اپنی رائے کا اظہار کریں