شین وارن نے بھارتی بائولر کی نوبالز پر سوال اٹھا دیئے

نتراجن کی نوبالز بہت بڑی بھی ہیں جو مجھے کچھ عجیب لگ رہی ہیں :لیجنڈری لیگ سپنر

65

سابق آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن نے بھارتی فاسٹ بولر تھنگاراسو نتراجن کی نو بالز کو دبے دبے الفاظ میں مشکوک قرار دے دیا۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین ٹیسٹ میں بھارتی لیفٹ آرم فاسٹ بولر تھنگارا سونتراجن کی جانب سے دو اننگز میں اب تک 8 نوبالز کی گئی ہیں جسے 51 سالہ لیجنڈری آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن نے دبے الفاظ میں مشکوک قرار دیا۔
تینوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے نتراجن کی جانب سے کی جانے والی نوبالز نے شین وارن کو تشویش میں مبتلا کردیا جس کا انہوں نے کھل کر اظہار بھی کیا ۔ شین وارن کا کہنا تھا کہ نتراجن کی جانب سے ایک میچ میں 8 نوبالز کروانا ایسی چیز ہے جسے نظر اندازکرنا مشکل ہے ، نتراجن کی نوبالز بہت بڑی بھی ہیں جو مجھے کچھ عجیب سی لگ رہی ہیں۔

شین وارن نے کہا کہ نتراجن نے 5 نوبالز اپنے مختلف اوورز کی پہلی گیند پر کرائیں اور ان کا پاؤں کریز سے بہت زیادہ آگے گیا تھا ، اس چیز نے میری توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ شین وارن کی جانب سے نوبالز کی نشاندہی کے بعد بھارتی شائقین آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے لیجنڈری لیگ سپنر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ برسبین ٹیسٹ میں نتراجن نے پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 2 نوبالز کروائیں اور میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ بھارت نے برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے ۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو