اسلامی نظام کا قیام ہمارا نصب العین ہے، اسی مقصد کے حصول کے لئے جامعات المحصنات قائم کیا گیا، دردانہ صدیقی

citytv.pk

 

لاہور(سٹی ٹی وی پاکستان) قیام پاکستان میں مولانا مودودیؒ کا ایک بڑا حصہ ہے ایسی جماعت تیار کردی جو نظریہ پاکستان کی تکمیل کے لئے  مستقل جدوجہد جاری رکھے۔تحریک پاکستان کا پہلا مرحلہ خطہ زمین کا حصول تھا، یہ خطہ نظریہ لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا۔ دوسرا مرحلہ اسے اسلامی ریاست بنانا تھا جو قیام پاکستان کے بعد آغاز ہی میں سازشوں کا شکار ہوگیا تھا –

ان خیالات کا اظہار جامعات المحصنات پاکستان کے پرنسپلز کنونشن سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ  جماعت اسلامی تکمیل پاکستان کا پورا پروگرام رکھتی ہے-جماعت اسلامی کے شعبہ جات اور ادارہ جات اسی مقصد کے حصول کے لئے سرگرم ہیں۔

جماعت اسلامی کا ایک بھی ممبر جس اسمبلی میں موجود ہوتا ہے تو وہ حق و صداقت کا علمبردار ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے تین ماہ میں تسلسل سے اہم  اسلامی ایام اور تہواروں کا جائزہ لیا جائے تو مسلمانوں کی تاریخ میں عید الاضحی،واقعہ کربل،قیام پاکستان ہمیں مسلسل قربانی، عزیمت اور جہد مسلسل کا درس دیتے ہیں۔

کرنٹ ایشوز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حجاب کے حوالے سے لبرل طبقے کی الیکٹرانک میڈیا پر حالیہ تضحیک آمیز گفتگو کے بعد تسلسل سے جامعات المحصنات کی طالبات کی نمایاں کامیابیاں ایک خوبصورت رسپانس تھا۔یہ وطن عزیز کے روشن مستقبل کی علامات ہیں۔جامعات المحصنات کی طالبات نے شاندار کامیابیوں سے یہ ثابت کر دیا کہ باپردہ طالبات اعلی صلاحیتوں کی حامل اور بہترین کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں