آئی پی ایل کا تجربہ، بھارت کو بڑا ٹائٹل جیتنا چاہئے تھا، سنیل گواسکر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے اعتراف کیا ہے کہ 2007ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد بھارت کوئی بڑا ٹائٹل نہیں جیت سکا، آئی پی ایل کے تجربے کی وجہ سے بھارت کو بڑا ٹائٹل جیتنا چاہئے تھا۔ بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی یہی بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی لیگ ہونے کے باوجود انڈیا 2007ء کے بعد کوئی ٹی ٹوئنٹی ٹرافی نہیں جیت سکا۔

بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف میچ میں باؤلرز کو زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی،دونوں بڑے بھارتی کھلاڑیوں نے یہ اعتراف پاک بھارت میچ سے پہلے جیو ٹی وی اور بھارت کے آج تک ٹی وی پر کرکٹ ماہرین کے درمیان دلچسپ ٹاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاک بھارت کرکٹ ٹاکرا…!میں پاکستان کی طرف سے میزبان شہزاد اقبال اور مہمان سابق پاکستانی کرکٹرز انضمام الحق، مشتاق احمد، سہیل تنویر تھے

جبکہ بھارتی ٹی وی ”آج تک “ کی جانب سے میزبان وکرانت گپتا اور مہمان سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر، بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ، سابق کرکٹر مدن لال تھے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپنر مشتاق احمدنے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جن کنڈیشنز میں ہورہا ہے ہمیں تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ٹی ٹوئنٹی میں 6اوورز کے بعد تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے، یو اے ای میں ہر گزرتے میچ کے ساتھ محمد حفیظ اور شعیب ملک کا کردار اہم ہوتا جائے گا۔ مدن لال نے کہا کہ انڈیا پاکستان سے کافی بہتر ٹیم ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی پیشگوئی کرنا بہت مشکل ہے،

انڈین کھلاڑی بڑے میچوں میں اعصاب پر زیادہ اچھی طرح قابو رکھتے ہیں، بھارت کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا زیادہ تجربہ آئی پی ایل سے ہوا۔سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں بہت زبردست ہیں ،انڈیا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں بہت اچھا کھیل رہی ہے، پاک بھارت میچ میں دونوں طرف کے عوام اور کھلاڑیوں کا جذبہ عروج پر ہوتا ہے،پاک بھارت میچ کسی بھی ٹورنامنٹ کا بڑا میچ ہوتا ہے۔سہیل تنویر نے کہا کہ شاہین آفریدی نئے بال کے ساتھ بہت خطرناک یارکر کرتے ہیں، انڈیا کے پاس جسپریت بمرا بھی خطرناک باؤلر ہیں، فاسٹ باؤلنگ میں پاکستان کو بھارت پر تھوڑی برتری حاصل ہے

۔سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکرنے کہا کہ بھارتی ٹیم کو آئی پی ایل کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی کا بہت تجربہ ہے ، ٹی ٹوئنٹی میچ ایک سے دو اوور میں تبدیل ہوجاتا ہے،بھارتی ٹیم کی بلے بازی بہت اچھی تھی لیکن باؤلنگ کچھ کمزور تھی، کمزور باؤلنگ کی وجہ سے بھارت کیلئے بڑے اسکور کا دفاع کرنا بھی مشکل ہوجاتا تھا، اس بار بھارتی ٹیم کے پاس اچھے باؤلرز ہیں ہر اسکور کا دفاع کرسکیں گے۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں