بھارت میں سعودی سفارت خانے کو بم سے اُڑانے کی دھمکیاں دینے والا گرفتار

47 سالہ بھارتی تاجر نے ایک خاتون کے نام سے خط لکھ کر سعودی ایمبیسی اور سکول کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی

0 10

بھارت میں ایک شخص کو سعودی ایمبیسی کو دہشت گردی کی دھمکی دینے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق بھارتی پولیس نے ایک تاجر کو گرفتار کیا ہے

 

جس نے بھارت میں واقع سعودی سفارت خانے اور سکول کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی تھی۔ ممبئی مرر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار کیا گیا 47 سالہ شخص ایک سٹاک ٹریڈر ہے جس نے یہ خطرناک حرکت ایک خاتون کو نقصان پہنچانے کی غرض سے کی تھی۔

 

ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ اس نے اپنی ایک جاننے والی خاتون سے ناراضگی کے بعد اسے پھنسانے کی خاطر اس کے نام اور دستخط سے ایک خط لکھ کر سعودی سفارت خانے اور سکول کو بھجوایا جس میں خاتون کے نام سے دھمکی دی گئی تھی کہ وہ انہیں تخریب کاری کا نشانہ بنانے والی ہے۔

 

سعودی سفارت خانے کی شکایت پر پولیس نے تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ ملزم نے یہ سارا ڈراما خاتون کو دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کے لیے رچایا تھا۔

 

ملزم پہلے بھی بمبئی کی باندرہ پولیس کو مطلوب تھا، کیونکہ اس نے اسی طرح کا دھمکی آمیز خط ممبئی میں واقع امریکی قونصل خانے کو بھی بھجوایا تھا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم ایک خاتون کے ساتھ رومانوی ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے تھا، ایک روز اس نے خاتون کو شادی کی پیشکش کی مگر خاتون نے اس کی یہ آفر ٹھُکرا دی۔

 

جس کے بعد اس نے خاتون سے انتقام لینے کے لیے یہ سارا منصوبہ تیار کیا اور خاتون کے نام سے ایک خط لکھا جس کے آخر میں اس کے اصل دستخط سے مشابہہ دستخط ہی کیے گئے ۔

 

 

تاہم خاتون سے پولیس کی تفتیش کے دوران ساری بات سامنے آ گئی۔ جس کے بعد ملزم کا پتا چلا کر اسے گرفتارکر لیا گیا۔ملزم کو جلد عدالت میں پیش کر کے اس کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ جس میں دہشت گردی اور دھوکا دہی کے الزامات بھی شامل ہوں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.