شہر کی خوبصورتی عوام کے تعاون اور پی ایچ اے کی سرگرمیوں میں ان کی بھر پور شرکت کے بغیر ممکن نہیں چیئر مین پی ایچ اے چوہدری محمد علی شکور

شہریوں کو چاہیے کہ وہ ساہیوال کو پھولوں کا شہر بنانے میں پی ایچ اے کا ساتھ دیں اور محدود وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے میں ادارے کی مدد کریں -

0 74

ساہیوال(سٹی ٹی وی پاکستان ) پی ایچ اے کے چیئر مین چوہدری محمد علی شکور نے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی عوام کے تعاون اور پی ایچ اے کی سرگرمیوں میں ان کی بھر پور شرکت کے بغیر ممکن نہیں ،شہریوں کو چاہیے کہ وہ ساہیوال کو پھولوں کا شہر بنانے میں پی ایچ اے کا ساتھ دیں اور محدود وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے میں ادارے کی مدد کریں –

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پی ایچ اے بورڈ کے 16ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر جنرل خالد منظور ،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حبیب جیلانی وینس ،ڈائریکٹر مارکیٹنگ فضائل مدثر ،ممبران صوبائی اسمبلی فرخ ممتاز مانیکا اور ساجدہ یوسف اور دوسرے افسران نے بھی شرکت کی -اجلاس میں پی ایچ اے کی کارکردگی ،موسم بہار میں شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کی حکمت عملی اور ادارے کی آمدن بڑھانے پر تفصیلی غور ہوا اور نئے بزنس پلان کی منظوری دی گئی جس سے پی ایچ اے کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا اور پارکس میں شہریوں کو مزید تفریحی سہولیات میسر آئیں گی -اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حبیب جیلانی وینس کی ریٹائرمنٹ پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا گیا –

اجلاس میں ممبرز صوبائی اسمبلی کی طرف سے پی ایچ اے کا دائرہ کار ساہیوال شہر کی بجائے پورے ڈویژن تک بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے چیئر مین چوہدری محمد علی شکور نے ایک 3رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا جو تمام امور کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی -بورڈ اجلاس میں پی ایچ اے کا دائرہ کار میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل نئے علاقوں تک بڑھانے ،پٹرول پمپس کے این او سی کے لئے 20ہزار روپے فیس مقرر کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لئے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی –

اجلاس کے اختتام پر پی ایچ اے کے سابق ڈی جی اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال شوکت علی کھچی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی گئی –

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.